اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کی قیادت میں پاکستانی بزنس کمیونٹی کے ایک وفد نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں مجموعی کاروباری ماحول اور معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیاگیا۔سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے موثر قانون سازی کے لئے تاجر برادری کے اراکین کی تجاویز اور سفارشات سننے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
وفد نےکاروباری برادری کو درپیش چیلنجز اور ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے بارے میں قیمتی آراء فراہم کیں۔ چیئرمین سینیٹ نے بزنس کمیونٹی کی کاوشوں کو سراہا اور ملک میں معاشی ترقی اور کاروبار کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لئے کاروباری برادری کے ساتھ مل کر کام کرنےکے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول اور پاکستانی عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔