اسلام آباد ۔ 9 مارچ (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان باہمی تعاون کو مفید قرار دیتے ہوئے زندگی کے مختلف شعبوں سمیت تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کےلئے یورپین یونین، سینیٹ آف پاکستان اور پاکستانی ادارہ برائے پارلیمانی خدمات کے باہمی تعاون سے پاکستان میں ایک اہم کانفرنس کا انعقاد کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے تجارتی شعبوں، اراکین پارلیمنٹ اور اہم اداروں کو قریب لا کر ایک قابل عمل اور مو¿ثر حکمت عملی اختیار کرنے میں مدد ملے گی جس سے ملک میں تجارت، معیشت اور پارلیمانی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق پیر کو چیئرمین سینیٹ سے یورپی یونین کے سفیر اندرولا کمینارا نے پاکستان کے ادارہ برائے پارلیمانی خدمات کے ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعاون اور ادارہ جاتی روابط پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے یورپی یونین کی جانب سے دوطرفہ تعاون کو انتہائی اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ اور پارلیمانی سیکرٹریٹس کی استعداد کار بڑھانے کےلئے مختلف اقدامات کے ساتھ ساتھ تجارتی شعبے میں جی ایس پی پلس پر یورپین یونین کے تعاون کےلئے انتہائی شکر گزار ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ یہ معاونت اور رابطہ کاری مزید فروغ پائے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اہم امورکو سمجھنے کےلئے پارلیمانی رابطہ کاری اور وفود کے تبادلوں کو بڑھانے کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے یورپی یونین اور اراکین پارلیمنٹ مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کی بزنس کمیونٹی کا ایک فورم بنانے کی اشد ضرورت ہے جس سے تجارت کو فروغ دینے کےلئے ڈائیلاگ اور گفت و شنید کا ایک اہم پلیٹ فارم مل جائے گا۔ یورپی یونین کی سفیر نے پاکستان کو اہم ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یورپین یونین پاکستان میں جمہوریت، جمہوری اقدار اور جمہوری اداروں کو مضبوط دیکھنا چاہتی ہے اور تجارتی سطح پر بہتر معاونت کےلئے باہمی رابطہ کاری سے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ یورپین یونین کی سفیر نے پاکستان کی پارلیمنٹ اور یورپی یونین کے درمیان موثر رابطہ کاری کو سراہا اور اس اُمید کا اظہار کیا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ تعلقات مزید مستحکم ہو گا۔