اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کارگل جنگ کے عظیم ہیرو حوالدار لالک جان شہید (نشانِ حیدر) کو 26ویں یومِ شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
پیر کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حوالدار لالک جان شہید نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لئے جس جرأت، استقامت اور بہادری کا مظاہرہ کیا وہ ہماری قومی تاریخ کا ایک روشن باب ہے، حوالدار لالک جان شہید نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر مادرِ وطن کے دفاع کو یقینی بنایا اور آنے والی نسلوں کے لئے شجاعت کا اعلیٰ ترین معیار قائم کیا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ قوم کو اپنے ایسے بہادر سپوتوں پر فخر ہے جنہوں نے مادرِ وطن کی حرمت پر جان نچھاور کرنے سے بھی دریغ نہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ لالک جان شہید کا نام تاریخِ پاکستان میں ہمیشہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔چیئرمین سینیٹ نے حوالدار لالک جان شہید کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔