اسلام آباد ۔ 5 دسمبر (اے پی پی) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ عدلیہ فلاحی ریاست کے قیام کیلئے حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ہم نیک نیتی سے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے حکومت کا ساتھ دیں گے، آبادی کی بڑھتی ہوئی شرح سنجیدہ مسئلہ بن چکا ہے جس پر گزشتہ60 سال میںتوجہ نہیں دی گئی، میرے پاس آبادی میںاضافہ پرقابو پانے کیلئے مختلف تجاویز آئی ہیں جن پر عمل کرنے کیلئے ہمارے پاس کوئی فورس موجود نہیں، یہ کام وزیراعظم ہی کر سکتے ہیں، پانی کی قلت الگ مسئلہ ہے لیکن اس کے باوجود اس کا مینجمنٹ کاکوئی میکنزم تک موجود نہیں، عدالتی نظام میں بہتری کیلئے کوشاں ہیں ، اس ضمن میںہمارے اقدامات سے عدالتی نظام پر پڑا صدیوں کا بوجھ ٹوٹ رہا ہے، پارلیمنٹ عدالتی نظام میں بہتری کیلئے قوانین کی شکل میں ہمیںٹولز فراہم کرے۔ وہ بدھ کو جسٹس اینڈ لاءکمیشن کے زیر اہتمام آبادی کی بڑھتی ہوئی شرح کے موضوع پر منعقدہ سمپوزیم سے خطاب کر رہے تھے۔