چیلنجز کے باوجود معاشی صورتحال میں بہتری آئی ہے، مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد

66

اسلام آباد ۔ 4 مارچ (اے پی پی) مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ حکومت برآمدات پر خصوصی توجہ دی رہی ہے اور چیلنجز کے باوجود معاشی صورتحال میں بہتری آئی ہے، برآمدات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ سال کی نسبت شرح نمو میں 13 فیصد اضافہ ہوا ہے جو مثبت علامت ہے، غیرملکی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا رہا ہے اور آنے والے مہینوں میں کئی بڑی کمپنیاں پاکستان آ رہی ہیں۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی صنعت بہت اہم ہے، ٹیکسٹائل انڈسٹری میں 13 فیصد گروتھ ہوئی اور حکومت صنعتوں کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، ٹیکسٹائل سیکٹر کو بہتر مشینری فراہم کریں گے تاکہ برآمدات میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔ مشیر تجارت نے کہا کہ حکومت تاجروں کے تحفظات دور کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ مچھلی، پھل اور گوشت برآمد کر رہے ہیں۔ عبدالرزاق داﺅد نے کہا کہ جی ایس پی پلس کا نظام مزید دو سال تک جاری رہے گا اور یورپی یونین میں جی ایس پی پلس میں مزید دو سال توسیع ہو گی۔ مشیرتجارت نے کہا کہ برآمدات میں خاطرخواہ اضافہ ہو رہا ہے لیکن کرونا وائرس کے باعث دنیا میں مندی کا رحجان ہے جس کی وجہ سے رواں سال برآمدات کا حجم 24 ارب ڈالر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی اور سافٹ ویئر کی برآمدات بڑھانے کیلئے سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ عبدالرزاق داﺅد نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے برآمدات کو نظرانداز کیا، موجودہ حکومت چیلنجز کو اپنے لئے موقع سمجھتی ہے اور میں پر امید ہوں کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سی پیک منصوبوں کیلئے فنڈز جاری کئے ہیں اور فیصل آباد میں اکنامک زون کی تعمیر کا مرحلہ شروع ہو گیا ہے۔