چین اور پاکستان کے وزرا اعظم کے پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک دوسرے کو تہنیتی خطوط

96

اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):چین اور پاکستان کے وزرا اعظم نے پاک چین اقتصادی راہداری ( سی پیک) پرجاری پیش رفت کو سراہتے ہوئے اس امر پر زور دیا ہے کہ مضبوط تر دو طرفہ تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان اور ان کے چینی ہم منصب لی کی چیانگ نے آج جمعہ کو منائی جانے والی پاک چین سفارتی تعلقا ت کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک دوسرے کو تہنیتی خطوط بھیجے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے چینی وزیراعظم کے نام اپنے خط میں انہیں اپنی، حکومت اور پا کستان کے عوام کی طرف سے دونوں ملکوں کے مابین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 21 مئی 1951 وہ دن ہے جب پاکستان اور چین کے مابین سفارتی تعلقات باقاعدہ استوار ہوئے، یہ ہماری تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام اور قیادتوں اور حکومتوں نے اپنے تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کیلئے بہت کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تعلقات آزمودہ اور باہمی احترام، اعتماد اور ہم آہنگی کی پائیدار اقدار پر استوار ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ملکوں کی حکومتیں سفارتی تعلقات کی سالگرہ کو بہتر طریقے سے منانے کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں اور اس سے ہمارے عوام پاک چین تعلقات کی گہرائی، وسعت اور ولولے کو حقیقی معنوں میں سمجھنے کے قابل ہونگے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم دسمبر 2019ء کے بعد سے کووڈ۔19 کی صورتحال سے نمٹنے کے سلسلے میں چین کے تعاون کے مشکور ہیں ۔ چین کی طرف سے فراہم کی گئی ویکسین اور طبی آلات نے پاکستان میں قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ہم علاقائی اور عالمی سطح پر اس وبا سے نمٹنے کیلئے چین کی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت سی پیک منصوبوں کی تیزی سے تکمیل کا عزم کئے ہوئے ہے، اس سے خطے میں ترقی کے بے تحاشا مواقع اور راستے کھلیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے چین کے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں دونوں ملکوں کی ہر طرح کے حالات میں تزویراتی شراکت داری مزید مستحکم ہو گی اور دونوں ملکوں کے عوام کیلئے مستقبل روشن ہو گا۔ وزیراعظم نے چینی وزیراعظم اور چین کے عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ نے بھی وزیراعظم عمران خان کو لکھے گئے خط میں پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ پر انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ چین اور پاکستان دوست ہمسائے ہیں اور دونوں ایک دوسرے کے ساتھ پہاڑوں اور دریائوں کے ذریعے ملے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات قائم ہونے کے بعد پاکستان اور چین کے مابین مضبوط سیاسی باہمی اعتماد ، قریبی اقتصادی تعاون اور عوام کی عوام سے دوستی بڑھتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ۔19 کی وبا کے دوران چین اورپاکستان نے مشکلات پر قابو پانے میں ایک دوسرے کی مدد کی ہے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کی ترقی کیلئے کوشاں رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ دونوں ممالک کے مابین مزید قربت کے حوالے سے وسیع امکانات موجود ہیں اور دونوں ممالک اور عوام یقیناً اس کے ثمرات سے مستفید ہونگے۔

چینی وزیراعظم نے کہا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کو اپنی خارجہ پالیسی میں اپنی ترجیح رکھا ہے اور پاکستان کے ساتھ ملکر اگلے 70 سالوں میں اپنی تذویراتی تعاون، شراکت داری کو مزید بڑھانے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے پاکستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ چینی وزیراعظم نے پاکستان اور چین کی دوستی ہمیشہ قائم رہنے کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو اپنی خواہشات پہنچائیں۔