چین سے رواں مالی سال کے دوران سب سے زیادہ درآمدات کی گئ ہیں،رپورٹ

67
State Bank

اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):چین سے رواں مالی سال کے دوران سب سے زیادہ درآمدات کی گئی ہیں۔ اس دوران متحدہ عرب امارات اور سنگاپور سے کی جانے والی درآمدات بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہی ہیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی)کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 8 مہینوں میں چین سے سب سے زیادہ درآمدات کی گئی ہیں اور گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران چین سے کی جانے والی درآمدات کے حجم میں 23.74 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں جولائی تا فروری 21-2020 کے دوران برآمدات کا حجم 7854.793 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا فروری 20-2019 کے دوران چین سے 6347.374 ملین ڈالر کی درآمدات کی گئی ہیں۔

ایس بی پی کے مطابق متحدہ عرب امارات سے کی جانے والی درآمدات دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ رہی ہیں اور گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران یو اے ای سے کی جانے والی درآمدات 9.72 فیصد کمی سے 4786.942 ملین دالر کے مقابلہ میں 4321.572 ملین ڈالر تک کم ہوگئیں۔ تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ درآمدات سنگاپور سے کی گئی ہیں۔ جو گزشتہ مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے اسی عرصہ میں 26.51 فیصد بڑھ گئیں اور جولائی تا فروری 21-2020 کے دوران درآمدات کا حجم 1931.329 ملین ڈالر کی درآمدات کی گئی تھیں۔ ایس بی پی کے مطابق رواں مالی سال میں سعودی عرب سے کی گئی درآمدات میں 36.92 فیصد اضافہ جبکہ امریکہ سے کی جانے والی درآمدات میں 0.24 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے