چین کا ” شی پاور” کے عنوان سے بلوچستان میں سکول کی بچیوں کو 20,000 ہیلتھ کٹس عطیہ کرنےکے پروگرام کا باقاعدہ آغاز

256
China and Pakistan

اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):چین کے سفارتخانے نے” شی پاور” کے عنوان سے بلوچستان میں سکول کی بچیوں کو 20,000 ہیلتھ کٹس عطیہ کرنےکے پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے ۔اس اقدام کا مقصد لڑکیوں کی صحت اور بہبود کو نمایاں طور پر بڑھانا، ضروری حفظان صحت سے متعلق مصنوعات کے استعمال کو فروغ دینا اور خطے میں صحت سے متعلق آگاہی کے کلچر کو پروان چڑھانا ہےاس سلسلے میں بدھ کو چینی سفارتخانے میں پروگرام کے اجراء کی تقریب منعقد ہوئی جس میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہاکہ چینی حکومت کے تعاون سے بلوچستان میں ‘شی پاور’ منصوبے کا آغاز لائق تحسین ہے،منصوبہ پاکستان اور چین کی مضبوط بنیادوں پر استوار دوستی کی ایک اور زندہ مثال ۔انہوں نے کہا کہ سکولوں کی بچیوں میں 20 ہزار ہیلتھ کٹس کی تقسیم سے نہ صرف صحت سے جڑے امور سے واقفیت بڑھے گی بلکہ یہ بچیوں کی پرورش میں بھی معاون ثابت ہو گی۔صحت مند اور تعلیم یافتہ خواتین خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور سپیکر میں نے ہمیشہ خواتین اور بچوں کے حقوق اور تحفظ کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

خواتین کو قومی دھارے میں لانے کے لیے قانون سازی کے ساتھ پارلیمانی ویمن کاکس، ایس ڈی جیز ٹاسک فورس ، پارلیمانی کمیٹی برائے جینڈر مینسٹریمنگ کا قیام عمل میں لائے۔پاکستان اور چین نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔چین کی پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں توسیع خوش آئند ہے۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستان اس دوستی کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنانے کیلئے پر عزم ہے۔

پاکستان اور چین نے ہمیشہ دنیا میں امن کے فروغ کی بات کی ہے۔ بلوچستان میرے دل کے بہت قریب ہے۔ بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل کا حل ہمیشہ ترجیحات میں شامل رہا ہے۔پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے۔ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے چین کا تعاون لائق تحسین ہے۔ سفیر جیانگ زیدونگ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ کٹس کی تقسیم خواتین کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے حصول کی جانب ایک اہم قدم ہوگا۔ انہوں نے اقتصادی استحکام کو فروغ دینے میں چینی اور پاکستانی دونوں خواتین کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے سراہا۔

انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ چین اور چینی قیادت کے ساتھ ان کی نتیجہ خیز ملاقات کی مناسبت سے پاکستان کے ساتھ تعاون کو تیز کرنے کے چین کے عزم کا اعادہ کیا۔سفیر نے پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں زرعی برآمدات کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور گوادر ایئرپورٹ سمیت چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت مختلف منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی اس موقع پر موجود تھے جنہوں نے اس اہم موقع پر اپنی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔