چینی شہریوں کی حفاظت پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی

113
Federal Interior Minister Mohsin Naqvi
Federal Interior Minister Mohsin Naqvi

اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ چینی شہریوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے نئے ایس او پیز پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےبدھ کو چینی شہریوں کی سکیورٹی سے متعلق کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری دفاع، انچارج نیشنل کورآرڈینیٹر نیکٹا، کورآرڈینیٹر نیشنل ایکشن پلان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلی حکام نے شرکت کی جبکہ تمام صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز، آئی جیز پولیس اور سیکرٹریز داخلہ وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں ملک بھر میں چینی شہریوں کی سکیورٹی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ چینی شہریوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ یا کوتاہی برداشت نہ کی جائے گی، چینی شہریوں سے متعلق سکیورٹی آڈٹ کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر یقینی بنایا جائے، متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے نئے ایس او پیز پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ چینی شہریوں کی سکیورٹی کے ایس او پیز تمام متعلقہ اداروں کی مشاورت سے تیار کئے گئے ہیں، حتی الوسع کوشش کی گئی ہے کہ ان ایس او پیز میں سکیورٹی کے تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھا جائے،فیلڈ میں کام کرنے والے ادارے مزید سفارشات سے بھی آگاہ کریں۔محسن نقوی نے کہاکہ کور کمیٹی ان سفارشات کا جائزہ لے گی، اگر کہیں بھی بہتری کی گنجائش ہوئی تو ان سفارشات پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔چیف سیکرٹریز و آئی جیز پولیس نے اجلاس کو چینی شہریوں کی حفاظت کے سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات کے متعلق آگاہ کیا۔