بیجنگ۔12ستمبر (اے پی پی): چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ خنجراب پاس چین اور پاکستان کے درمیان زمینی نقل و حمل کا واحد راستہ ہے۔منگل کوخنجراب پاس کے کسٹم افسران کے نام اپنے جوابی خط میں انہوں نے تمام کسٹم کارکنان سے اپنے فرائض اور مشن کو بہتر طریقے سے انجام دینے کی توقع کا اظہار کیا ۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ملک کے داخلی راستوں کی حفاظت اور ترقی کو فروغ دینے کی ذمہ داری کسٹمز کے کندھوں پر ہے اور ان کےکام کی بے حد اہمیت ہے۔
انہو ں نے امید ظاہر کی کہ آپ لوگ کسٹم کی نگرانی اور سروسز کی کارکردگی کو بہتر بنائیں گے، قومی سلامتی کی ایک مضبوط دیوار تعمیر کریں گے، اعلی معیار کی ترقی اور اعلی سطح کے کھلے پن کو فروغ دینے کے لیے خدمات انجام دیتے رہیں گے، پارٹی اور عوام کو اطمینان فراہم کرنے والے ملک کے بہترین محافظ بنیں گے اور ایک مضبوط ملک کی تعمیر اور قومی احیاء میں فعال کردار ادا کریں گے۔
کسٹمز ٹائٹل سسٹم کے نفاذ کی 20 ویں سالگرہ کے موقع پرخنجراب پاس کے تمام کسٹم افسران نے ” نیشنل گیٹ”کی حفاظت جاری رکھنے اور ترقی کےلیے خدمات فراہم کرنے کی اپنی کارکردگی کے بارے میں صدر شی جن پنگ کو خط ارسال کیا تھا جس میں چینی طرز کی جدیدیت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا تھا۔