ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفورکی پی ٹی وی سے ٹیلیفونک گفتگو

111

اسلام آباد ۔ 2 نومبر (اے پی پی) ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ آسیہ مسیح کے مقدمے میں قانونی طریق کا ر کے مطابق پٹیشن دائر ہوئی ہے ، اس پر قانونی کارروائی چلنے دیں، ا فواج پاکستان کی خواہش ہے کہ امن عامہ کی صورتحال خراب کئے بغیر یہ مسئل حل ہو، دھرنے میں فوج کے خلاف باتیں افسوسناک ہیں، آئی ایس آئی کے آفیسر مذاکرات کے لئے جانے والے حکومتی وفد کا حصہ ہیں، سب سے پہلے تو حکومت کی ذمہ داری ہے جس کے بعد پولیس اور رینجرز اور پھر اگر افواج پاکستان کو طلب کیا گیا تو پھر آرمی چیف اپنا مشورہ دیںگے۔ جمعہ کو پی ٹی وی سے ٹیلیفونک گفتگو میں انہوں نے کہا کہ آسیہ مسیح کیس میں دائر پٹیشن سپریم کورٹ نے سماعت کے لئے مقررکر لی ہے اور چند دنوں میں اس کی تاریخ آجانی ہے، یہ کیس ایک قانونی طریق کار کے مطابق ہے اور میری اپنی تمام دینی جماعتوں سے درخواست ہے کہ اب اس پٹیشن پر قانونی کارروائی چلنے دیں ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پچھلے چند دنوں میں ملک میں امن و امان کی صورتحال بنی ہوئی ہے، ہماری مذہبی جماعتوں نے آسیہ مسیح کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلہ پر ملک میں دھرنے دیئے ہوئے ہیں، جہان تک ان کے احساسات کی بات ہے تو پاکستان بھر کے مسلمانوں کا حضور اکرمﷺ سے محبت کا رشتہ ہے، ہم ان کی امت ہیں،کوئی بھی مسلمان حضور اکرمﷺ سے محبت پر سمجھوتہ نہیں کر سکتا، حضور اکرمﷺ کی شان میں گستاخی پر ہم سب کے جذبات مجروح ہوتے ہیں، اس میں تو کوئی شک ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسیہ مسیح کیس پچھلے دس سالوں سے عدالتوں میں ہے، جہاں پہلے اس کو سزا ہوئی، وہ قید میں رہی اور اب سپریم کورٹ نے اس مقدمے پر قانونی طریق کار کے مطابق اپیل کا فیصلہ سنایا ہے۔