ڈائو یونیورسٹی سے فارغ التحصیل نوجوان آج دنیا بھر میں اپنی صلاحیتیں منوا رہے ہیں،گورنرسندھ

100

کراچی۔ 22 دسمبر (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان میں صلاحیت کی کمی نہیں، آج امریکہ کے معروف ڈاکٹرز پاکستانی ہیں،ڈائو یونیورسٹی سے فارغ التحصیل نوجوان آج دنیا بھر میں اپنی صلاحیتیں منوا رہے ہیں۔جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ (اے پی پی این اے) کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔گورنر سندھ نے امریکہ سے آئے معزز مہمانوں کو گورنر ہائوس آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا

کہ اس شاندار گالا کے انعقاد پر منتظمین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ایسوسی ایشن کے فلاحی اقدامات قابل ستائش ہیں، ایسوسی ایشن کے تجربات سے فائدہ اٹھانا انتہائی ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ آج گورنر ہائوس کے دروازے 24 گھنٹے عوام کے لیے کھلے ہیں، نوجوانوں کو خودمختار بنانے کے لیے آئی ٹی کے جدید کورسز گورنر ہائوس میں جاری ہیں۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پاکستان کی عزت کے لیے ہمیں اپنے عمل اور رویے بہتر کرنے ہوں گے، ملک کی ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔