ڈی آئی خان اور سکھر ائیرپورٹس جیسے عوامی فلاح کے منصوبے جلد از جلد شروع کئے جائیں، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی

103
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے سابق رکن قومی اسمبلی حمیداللہ جان کی ملاقات

کراچی۔16اکتوبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ڈی آئی خان اور سکھر ائیرپورٹس جیسے عوامی فلاح و بہبودکے منصوبے جلد از جلد شروع کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ائیر پورٹس اتھارٹی کے صدر دفتر کے دورہ کے موقع پر منعقدہ اجلاس کے دوران کیا۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی ائیر وائس مارشل تیمور اقبال نے گورنر کا استقبال کیا۔

اس موقع پر نامزد ڈپٹی ڈی جی ائیرپورٹس اتھارٹی ذیشان سعید ، ڈپٹی ڈی جی ورکس اینڈ ڈویلپمنٹ سمیر سعید سمیت دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے جنہوں نے ڈائریکٹر جنرل کے ہمراہ گورنرکے پی کے فیصل کریم کنڈی کا استقبال کیا۔ گورنرفیصل کریم کنڈی کو ڈی جی ائیرپورٹس اتھارٹی(اے وی ایم)تیمور اقبال اور ڈپٹی ڈی جی ائیرپورٹس انجنئیر صادق الرحمان نے تفصیلی بریفنگ دی، گورنر فیصل کریم کنڈی کو با لخصوص ڈی آئی خان، سکھر اور حیدرآباد ایئرپورٹس پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر گورنر کو چترال، گلگت اور موہنجو داڑو ائیر پورٹس کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ائیرپورٹس اتھارٹی کو ایوی ایشن منصوبوں کے حوالے سے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان اور سکھر ائیرپورٹس جیسے عوامی فلاح کے منصوبے جلد از جلد شروع کئے جائیں۔