ڈی جی ایف ڈی ا ے کا نادہندگان سے واجبات کی وصولی کا ٹارگٹ پورا کرنے کا حکم

122

فیصل آباد ۔ 27 دسمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے نادہندگان سے واجبات کی وصولی کے ٹارگٹ کو پورا کرنے میں کوتاہی کے حامل سٹاف کے خلاف محکمانہ ایکشن لینے کا حکم دیا ہے اور کہا ہے ریکوری مہم کو مزید تیز کیا جائے۔وہ ایک اجلاس کے دوران مختلف مدات میں بقایا جات کی وصولیوں کی رفتار کا جائزہ لے رہے تھے جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے یاسر اعجاز چٹھہ،ڈائریکٹرز اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، سہیل مقصود پنوں، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن و دیگر افسران موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کمرشلائزیشن فیسوں، ہاؤسنگ سکیموں میں غیر قانونی ڈویلپمنٹ کے جرمانوں، ایف ڈی اے کی پراپرٹی کے کرایہ جات

ایف ڈی اے سٹی کے نادھندہ الاٹیز کے ذمہ بقایاجات اور دیگر مدات میں زیر التواء واجبات کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا اور حکم دیا کہ دیرینہ نادہندگان کے خلاف نتیجہ خیز کارروائی عمل میں لائی جائے اور بار بار نوٹسز کے باوجود واجبات ادا نہ کرنے والوں کی جائیدادوں کو سر بمہر کریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ ادارہ کا ریونیو بڑھانے پر خصوصی توجہ مرکوز کریں تاکہ مالی استحکام کے مقاصد پورے ہو سکیں۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے افسران کو تاکید کی کہ ریونیو کی وصولی کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا کریں اور فیلڈ سٹاف کی کارکردگی کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے تاکہ اہداف کے حصول میں کسی قسم کی سستی و کاہلی کا فوری نوٹس لیکر اصلاح احوال یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بقایا جات کی وصولیوں میں ناقص کارکردگی کی قطعاً گنجائش نہیں۔

اجلاس میں ایف ڈی اے سٹی میں پارکس کی ڈویلپمنٹ سیمت دیگر ترقیاتی کاموں پر عملدرآمد کی رفتار کا جائزہ بھی لیا گیا اور ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو کو نادہندہ الاٹیز سے ڈویلپمنٹ اور ایڈیشنل ڈویلپمنٹ چارجز سمیت دیگر بقایا جات وصول کرنے کی مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔اس موقع پر افسران نے اپنے اپنے شعبوں کی کارکردگی اور بقایا جات کی وصولیوں کے اعداد و شمار سے آگاہ کیا۔