ڈی جی وزارت انسانی حقوق عبدالستار کا تعلیمی اداروں میں نوجوانوں کو سائبر کرائمز کے خطرے کے خلاف تیار کرنے کی اہمیت پر زور

147
وزارت انسانی حقوق

اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):ڈائریکٹرجنرل وفاقی وزارت انسانی حقوق عبدالستار نے وزارت وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت ، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور صوبائی محکمہ تعلیم کے ساتھ تحریری رابطے کے ذریعے تعلیمی اداروں میں نوجوانوں کو سائبر کرائمز کے خطرے کے خلاف تیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

اتوار کو جاری بیان کے مطابق رولز آف بزنس 1973 کے تحت وزارت انسانی حقوق کے مینڈیٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزارت، انسانی حقوق کی تعلیم، آگاہی اور حساسیت پر پاکستان بھر کے مختلف تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر مخصوص موضوعات پر سیمینار منعقد کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو سائبر کرائمز کے خطرے کے خلاف تیار کرنا ایک عالمی چیلنج کے طور پر وقت کی ضرورت ہے جس کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک دوسرے کے ساتھ ہاتھ ملانے کی ضرورت ہے۔ سائبر سیکورٹی اور سائبر کرائمز کے بارے میں حساسیت کے بارے میں ان کے اہم کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیمی اداروں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ سائبر کرائمز سے متعلق خطرات کے خلاف نوجوانوں کو تیار کرنے کے علاوہ انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے مثبت استعمال کو فروغ دینے کے لیے اپنی کوششوں کو آگے بڑھائیں۔

انہوں نے متعلقہ محکموں پر زور دیا ہے کہ وہ تعلیمی اداروں میں آگاہی کے لیے سیمینارز اور خصوصی سیشنز کا انعقاد کریں تاکہ نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے غلط استعمال سمیت سائبر کرائمز کے خطرے اور گھناؤنے جرائم سے بچانے کے لیے شعور بیدار کیا جا سکے۔ اس سلسلے میں ڈی جی انسانی حقوق نے متعلقہ محکموں سے رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔