کراچی۔ 02 اگست (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ عصر حاضر کی جدت کے بغیر تیز ترین ترقی ممکن نہیں، مالیاتی نظام کو ڈیجیٹل دور کے مطابق تشکیل دینا انتہائی ناگزیر ہے۔
ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ نے انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاو نٹنٹ آف پاکستان کی جمعہ کو منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاو نٹنٹ آف پاکستان کے عصری تقاضوں سے ہم آہنگ اقدامات قابل ستائش ہیں۔
انہوں نے مذید کہا کہ مالیاتی اداروں کی حوصلہ افزائی خوش آئند ہے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے ہی عصر حاضر کی ترقی کی دوڑ میں شامل ہوسکتے ہیں، موجودہ حکومت ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہائو س میں نوجوانوں کو عصری دور کے آئی ٹی کورسز کی تربیت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ آن لائن مسائل کے حل، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے مطابق اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ 20 ماہ کے دوران بہتری کی کوشش کی اور کچھ نیا کر کے دکھایا، گورنر انیشیٹو کے تحت لاکھوں افراد میں راشن بیگز تقسیم کئے گئے جبکہ پچاس ہزار سے زیادہ نوجوان آئی ٹی کی جدید تعلیم گورنر ہائوس میں حاصل کررہے ہیں، اس کے علاوہ ذاتی کاروبار کے لئے اچھے پروپوزل جمع کرنے والوں کو رقوم بھی فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارے پڑوسی ملک ٹیکنالوجی میں ہم سے آگے نکل گیا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کے لئے نئے مواقع پیدا کریں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ایس آئی ایف سی منصوبہ ملک کو ترقی کی نئی دوڑ میں شامل کرے گا، اس ضمن میں ایس آئی ایف سی منصوبہ بیرونی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کررہا ہے۔گورنر سندھ نے مالیاتی اداروں کو اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ڈیجیٹل ٹیکنالوجی ایوارڈ بھی تقسیم کئے۔