لاہور۔15اگست (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالہی نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازی خان، تونسہ اور راجن پور میں متاثرین سیلاب کیلئے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن تیز کیا جائے۔ پی ڈی ایم اے، ریسکیو1122 اور انتظامیہ امدادی سرگرمیوں میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔
متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرکے انہیں 3 وقت کا کھانا فراہم کیا جائے اور آخری متاثرہ فرد کی محفوظ مقام پر منتقلی تک آپریشن جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کیلئے ریلیف کیمپس میں اضافہ کیا جائے اور امدادی کیمپس میں ضروری سہولتیں ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائیں اور متاثرین کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مصیبت میں گھرے افراد کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالہی رات گئے تک ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی خود نگرانی کرتے رہے اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔