وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایگریکلچر ٹاسک فورس کا اہم اجلاس

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایگریکلچر ٹاسک فورس کا اہم اجلاس

اسلام آباد۔15اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خوردنی تیل ، گندم ، کپاس ، ایگریکلچر فنانسنگ ، ہارویسٹرز و دیگر زرعی مشینری ، زرعی تحقیقی اداروں کی بحالی اور زرعی شعبے میں تحقیق و ترقی ، موسمی اعتبار سے موزوں زراعت، اور آبپاشی کے انتظام کے حوالے سے ورکنگ گروپس قائم کرنے کی ہدایت کی ہے، وزیرِ اعظم نے زراعت کے شعبے کے مسائل کے حل اور اس کی استعداد بڑھانے کے حوالے سے 8 ورکنگ گروپس بنانے کا بھی حکم دیا ہے۔

پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اس سلسلہ میں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایگریکلچر ٹاسک فورس کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایگری کلچر ٹاسک فورس کی جانب سے ملک میں زراعت خصوصاً گندم، خورنی تیل کے بیج اور کپاس کی کاشت کی استعداد ، مسائل اور ان مسائل کے حل کی تجاویز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ معیاری بیج کی عدم دستیابی ، ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کی جانب عدم توجہی اور کسانوں کو آسان قرضوں کے حصول میں مشکلات زراعت کے شعبے کی ترقی میں حائل بڑی رکاوٹیں ہیں۔

اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زراعت ہمارے ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اسی لئے حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں زراعت جیسے اہم شعبے کی نظر انداز کیا گیا یہی وجہ ہے کہ جن فصلوں میں ہم خود کفیل تھے انہیں آج درآمد کرنا پڑ رہا ہے ۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت زراعت کے شعبے میں تحقیق و ترقی پر خصوصی توجہ دے گی،اس سلسلے میں وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ زرعی تحقیق کے اداروں میں میریٹ کی بنیاد پر انسانی وسائل کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ وزیرِ اعظم نے کسانوں کو آسان قرضوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے فوری طور پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ اپنے دور حکومت میں ہم نے پنجاب کے کسانوں کو آسان شرائط پر قرضے دیئے جن کی وصولی کی شرح بہترین رہی۔ وزیرِ اعظم نے زراعت کے شعبے کے مسائل کے حل اور اس کی استعداد بڑھانے کے حوالے سے 8ورکنگ گروپس بنانے کی بھی ہدایت کی، جن میں خورنی تیل ، گندم ، کپاس ، ایگریکلچر فنانسنگ ، ہارویسٹرز و دیگر زرعی مشینری و آلات، ، زرعی تحقیق کے اداروں کی بحالی اور زرعی شعبہ میں تحقیق و ترقی ، موسمی لحاظ سے موزوں ترین زراعت اور آبپاشی کے نظام کے حوالے سے ورکنگ گروپس شامل ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ،وفاقی وزیرنیشنل فوڈ سیکورٹی طارق بشیر چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے بھی شرکت کی ۔