ڈیرہ غازی خان۔ 14 جون (اے پی پی):حکومت پنجاب کی ہدایت پرصوبہ بھر کی طرح ڈیرہ غا زیخان میں 14جون کو ورلڈ ڈینگی ڈے بھرپور انداز سے منایا گیا۔اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی سمیت دیگر تمام سرکاری محکموں میں خصوصی صفائی سمیت آگاہی سیمینار اور واک کا اہتمام کیاگیا۔ ڈی ایچ او آفس میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ادریس لغاری، ڈاکٹر کامران اصغر بھٹہ، امیر حمزہ، فرحان ملغانی نے کہا کہ ڈینگی کے مکمل خاتمے اور اس سے بچاؤ کیلئے حکومت پنجاب اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہری اپنے گھر،دکان اور دفتر کی ہفتہ وار صفائی پر خصوصی توجہ دیں،فالتو اشیاء ڈبے، بوتلیں،ٹائر اور کاٹھ کباڑ تلف کریں،فریج کی ٹرے،روم کولر، گملوں اور کیاریوں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں،ٹینکی اور پانی جمع کرنے کے برتن ڈھانپ کر رکھیں،بارش کی صورت میں نکاسی آب کا بندوبست ضرورکیا جائے۔انہوں نے کہا کہ شام کے وقت دروازوں اور کھڑکیوں کو بند رکھا جائے،مچھر سے بچاؤ کیلئے کوائل، میٹ اور مچھر دانی کا استعمال کیاجائے۔ علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر آفس میں بھی ڈینگی ڈے کے موقع پر دفتر اور گوداموں کی خصوصی صفائی کی گئی۔ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر محمد امجد، ممتاز احمد کی زیر قیادت آگاہی واک کا اہتمام بھی کیاگیا۔