کابینہ کی کمیٹی نے کراچی پورٹ پر بلک اینڈ جنرل کارگو ٹرمینل ویسٹ وہارف کی ڈویلپمنٹ کیلئے تعاون پر مبنی بین الحکومتی فریم ورک معاہدے کے مسودہ کی منظوری دیدی

153
اسحاق ڈار

اسلام آباد۔24جولائی (اے پی پی):کابینہ کی کمیٹی برائے بین الحکومتی ٹرانزیکشنز نے کراچی پورٹ پربلک اینڈ جنرل کارگو ٹرمینل ویسٹ وہارف کی ڈویلپمنٹ کیلئے تعاون پر مبنی بین الحکومتی فریم ورک معاہدے کے مسودہ کی منظوری دیدی ہے۔

کابینہ کی کمیٹی برائے بین الحکومتی ٹرانزیکشنز کا اجلاس پیر کو یہاں وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر بحری امور سید فیصل علی سبزواری، وزیر تجارت سید نوید قمر، وزیر پاور خرم دستگیر خان، وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک، معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری وزارت بحری امور، سیکرٹری قانون، سیکرٹری تجارت اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزارت بحری امور کی جانب سے پاکستان اور یواے ای کے درمیان بین الحکومتی ٹرانزیکشن ایکٹ 2022 کے تحت کراچی پورٹ پر بلک اینڈ جنرل کارگو ٹرمینل ویسٹ وہارف کی ڈویلپمنٹ کیلئے تعاون پر مبنی بین الحکومتی معاہدے کی سمری پیش کی گئی۔

کمیٹی نے بین الحکومتی فریم ورک معاہدے کے مسودہ کی منظوری دیدی جو وفاقی کابینہ کے سامنے پیش ہوگی۔ اس معاہدے پر پاکستان اور یو اے ای کی حکومت دستخط کریں گی۔