کرپشن کیس، پرویز الہی کی عدم پیشی کے باعث فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 9 جون تک موخر

112

لاہور۔29مئی (اے پی پی):لاہور کی احتساب عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کے الزام میں درج ریفرنس میں گرفتار تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہی ، سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی سمیت دیگر ملزمان پر بدھ کے روز چوہدری پرویز الہی کی عدم پیشی کے باعث فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 9 جون تک موخر کردی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو پیش کرنے کی ہدایت کردی ۔

لاہور کی احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے کیس کی سماعت کی ۔ عدالتی حکم پر چوہدری پرویز الہی کو پیش نہیں کیا جا سکا،پرویز الہی کے وکلا نے احتساب عدالت میں میڈیکل رپورٹ جمع کروا دی ،عدالت نے پرویز الہی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی، عدالت نے مونس الہی کو اشتہاری اور اس کے اثاثہ جات منجمد کرنے کا حکم دے رکھا ہے،ریفرنس میں پرویز الہی اور مونس الہی و دیگر ملزمان نامزد ہیں۔

نیب لاہور نے پرویز الہی سمیت دیگر کے خلاف 1 ارب 23 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا ریفرنس دائر کر رکھا ہے،جس کےمطابق پرویز الہی اور مونس الہی سمیت دیگر نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا، پرویز الہی نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا۔پرویز الہی اور محمد خان بھٹی کی جانب سے نیب انکوائری رپورٹ کی نقول کے حصول کیلئے درخواست دائر کر رکھی ہے۔