کم عمر ڈرائیورز،ون ویلرز، ہلڑبازوں اور بغیر سائلنسر موٹر سائیکلسٹس کے خلاف کارروائی کا فیصلہ، سٹی ٹریفک پولیس آفیسر لاہور

144
Underage drivers
Underage drivers

لاہور۔14جون (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس آفیسر عمارہ اطہر نے کہا کہ بغیر لائسنس گاڑی، موٹرسائیکل چلانے والے کسی رعائت کے مستحق نہیں ہیں ،والدین اپنی ذمہ داری نبھائیں اور اپنے کم عمر بچوں کو ڈرائیونگ کی اجازت ہرگز نہ دیں،کم عمر بچوں کو گاڑی، موٹرسائیکل دینے والے بھی کسی معافی مستحق نہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر کم عمر ڈرائیورز،ون ویلرز، ہلڑبازوں اور بغیر سائلنسر موٹر سائیکلسٹس کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیاگیا ہے۔سی ٹی او لاہور نے مزید کہا کہ کریمنل ریکارڈ بننے سے سرکاری نوکری اور ویزہ حصول میں مشکلات آسکتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ عیدالاضحی کے موقع پر شہر کے 90 مقامات پر ٹریفک پولیس کی خصوصی نفری تعینات ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ مین بلیوارڈ گلبرگ اور علامہ اقبال روڈ، مین بلیوارڈ ڈیفنس پر بھی اضافی نفری تعینات کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کم عمر ڈرائیورز کی موٹرسائیکل، گاڑی کو تھانے میں بند کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

سی ٹی او نے بتایا کہ رواں سال 24 ہزار کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور بغیر لائسنس 2 لاکھ 51 ہزار ڈرائیورز کو بھاری جرمانے بھی کئے گئےہیں۔