کمانڈر متحدہ عرب امارات نیول فورسز کی پاک بحریہ کے سربراہ سے ملاقات

94

اسلام آباد ۔ 26 نومبر(اے پی پی) کمانڈرمتحدہ عرب امارات نیول فورسز ، ریئر ایڈمرل ( پائلٹ) سعید بن حمدان بن محمد ال نہیان نے نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات کی ۔ نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ نے کمانڈرمتحدہ عرب امارات نیول فورسز کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔ سلامی کے بعدمعزز مہمان کا نیول ہیڈ کوارٹرز میں تعینات چیفس آف اسٹاف اور پرنسپل سٹاف آفیسرز سے تعارف کروایا گیا۔ بعد ازاں، کمانڈر متحدہ عرب امارات نیول فورسز ، ریئر ایڈمرل سعید بن حمدان بن محمد النہیا ن نے پاک بحریہ کے سربراہ سے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ اُموراوردو طرفہ بحری اشتراک پرتبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعاون کے مختلف شعبے جن میں ٹریننگ، باہمی دورے اور دو طرفہ مشقیںشامل تھیں، بھی زیرِ غور ہے ۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بحری قذافی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ اور با لخصوص ریجنل میری ٹا ئم سکیورٹی پٹرول کے اقدام میں پاک بحریہ کے عزم اور کوششوں پر روشنی ڈالی ۔ چیف آف دی نیول سٹاف نے 2019 کی پہلی سہ ماہی میں پاک بحریہ کی میزبانی میں منعقد ہونے والی مشق امن کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔