کمشنر بہاول پور ڈویژن مسرت جبیں کی زیر صدارت کاٹن کراپ مینجمنٹ مانیٹرنگ کمیٹی کا جائزہ اجلاس ، اگیتی کپاس کی کاشت کے حوالہ سے بروئے کار لائے گئے اقدامات اور محکمہ زراعت کی فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا

63

بھاولپور۔ 01 فروری (اے پی پی):کمشنر بہاول پور ڈویژن مسرت جبیں کی زیر صدارت کاٹن کراپ مینجمنٹ مانیٹرنگ کمیٹی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیرا علیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق کاشتکار کو معاشی طور پر خوشحال اور خودمختار بنانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ محکمہ زراعت کی فیلڈ ٹیمیں کاشتکاروں کے پاس جا کر موقع پر فصلوں کی بہتر کاشت کے لئے رہنمائی اور معاونت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ کھادوں کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جائیں اور اعلیٰ معیار کی کھادیں کاشتکار کو دستیاب کی جائیں۔ کمشنر بہاو ل پور ڈویژن نے ہدایت کی کہ جعلی کھاد اور غیر معیاری زرعی ادویات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے مقرر کردہ کپاس کی کاشت کے اہداف کو یقینی بنانے کے لئے متعلقہ ادارے فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ انہاراور محکمہ زراعت مربوط حکمت عملی کے تحت ٹیل تک پانی کی رسائی کو ممکن بنائیں تاکہ گندم کی فصل اور پیداوار بہتر ہو سکے۔ ڈائریکٹر زراعت جمیل غوری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ امسال بہاول پور ڈویژن میں ڈیڑھ لاکھ ایکڑ رقبہ پر اگیتی کپاس کاشت کی جا رہی ہے اور محکمہ زراعت کی فیلڈ ٹیمیں کاشتکاروں کی دہلیز پر پہنچ کر رہنمائی اور معاونت فراہم کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 15فروری سے 31مارچ تک کپاس کی اگیتی کاشت کر کے فی ایکڑ رقبہ پر 50من سے بھی زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکے گی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق، ڈپٹی کمشنر بہاول نگرذوالفقار احمد بھون اور ڈپٹی کمشنر رحیم یار خاں خرم پرویزسمیت محکمہ زراعت کے افسران اور کاشتکاروں کے نمائندگان موجود تھے۔