ساہیوال۔ 02 جنوری (اے پی پی):کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر میں صفائی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کر دی ہے،کمشنر نے ہدایت کی ہے کہ سینٹری ورکرز شہر کی اہم شاہراہوں ، مارکیٹس پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کریں اور کوڑے کے بھرے کنٹینرز کی فوری صفائی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈی جی پی ایچ اے محمد اکرام ملک، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، پسپ پروگرام کے سٹی منیجر محمد اسجد خان سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ انہوں نے ڈی جی پی ایچ اے کو بھی ہدایت کی کہ وہ شہر کے پارکوں پر خصوصی توجہ دیں تاکہ شہریوں کو بہترین تفریحی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس میں ایکسین ہائی وے میاں افتخار احمد نے بتایا کہ ساہیوال بائی پاس کے فیز ٹو کی3.44کلو میٹر سڑک پر اسفالٹ کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور ایک دن میں ایک کلو میٹر سڑک اسفالٹ کر دی گئی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ منصوبہ 10جنوری تک مکمل کر لیا جائے گا۔