کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن کی زیر صدارت ڈویژن میں ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد

110

حیدرآباد۔ 15 اگست (اے پی پی):کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن سید محمد سجاد حیدر کی زیر صدارت ڈویژن میں ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس کمشنر آفیس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا ۔اس موقع پر کمشنر سید محمد سجاد حیدر نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عوامی بھبود کے جاری ترقیاتی منصوبوں کو اولیت کے بنیاد پر مقرر کردہ وقت پر مکمل کیا جائے تاکہ ان اسکیموں کو فائدہ عوام کو مل سکے۔

کمشنر نے محکمہ پبلک ہیلتھ، ایجوکیشن ورکس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ جاری ترقیاتی اسکیموں کے کام پر خصوصی توجہ دیں غیر معیاری مٹیریل استعمال کرنے والے ٹھیکیداروں کے ٹھیکے رد کئے جائیں۔ کمشنر نے مزید کہا کہ عوامی بھبود کی چھوٹی چھوٹی اسکیمیں جو فنڈز کی وجہ سے مکمل نہیں ہوسکی ہیں ان کے متعلق مکمل تفصیل فراہم کی جائے تاکہ اعلیٰ حکام کو خط لکھ کر ان اسکیموں کے فنڈز بحال کرواکر ان اسکیموں کو مکمل کیا جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈبل منظور ہونے والی اسکیموں کے متعلق بھی تفصیلات فراہم کئے جائیں۔ کمشنر نے مزید کہا کہ ڈویژن کی تمام ترقیاتی اسکیموں کے معیار پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ ہرگز نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے اپنے اپنے اضلاع میں جاری ترقیاتی اسکیموں کے متعلق آگاہی دی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد شہریارگل میمن، ڈپٹی کمشنر سانگھڑ عمران الحسن خواجہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز محمد مستقیم اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔