ریاض۔15نومبر (اے پی پی):سعودی عرب کے کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے دنیا کے مختلف حصوں پر محیط اپنے بڑے بین الاقوامی ریلیف اور انسانی ہمدردی کے کاموں کے لیے نیشنل کونسل آن یونائیٹڈ سٹیٹس۔ عرب ریلیشنز (این سی یو ایس اے آر ) کا گلوبل ہیومینٹیرین اچیومنٹ ایوارڈ جیت لیا۔ العربیہ اردو کے مطابق یہ ایوارڈ سینٹر کے جنرل سپروائزر ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے واشنگٹن ڈی سی میں نیشنل کونسل آن یو ایس عرب ریلیشنز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈیلانو روزویلٹ سے وصول کیا۔
سینٹر کے جنرل سپروائزر نے پریس بیان میں وضاحت کی کہ یہ ایوارڈ مملکت کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی کاموں میں کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے ذریعے ادا کیے گئے عظیم کردار کا بین الاقوامی اعتراف ہے۔ یہ ایوارڈ کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے اس باوقار بین الاقوامی موقف کی عکاسی کرتا ہے کہ مملکت کو انسانی ہمدردی کے میدان میں ذمہ داری کا احساس ہے۔ مملکت نے مشکلات سے دوچار اور متاثرہ افراد کی مدد، ضرورت مندوں اور پناہ گزینوں کی مدد کو اپنے ذمے لیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سعودی عرب انسانی ہمدردی کے کاموں کو اسی طرح جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب بین الاقوامی اور علاقائی سطح پر ڈونر ممالک میں سب سے آگے رہا ہے۔
یاد رہے کہ شاہ سلمان ریلیف سینٹر بیرون ملک مملکت کے انسانی ہمدردی کے جذبے کی بنیاد پر 2015 میں قائم ہوا تھا۔ اس مرکز نے دنیا کے 104 ممالک میں 3,105 امدادی اور انسانی ہمدردی کے منصوبے اور پروگرام نافذ کیے ہیں۔ 7 ارب 100 ملین اور 289 ہزار ڈالر کی مالیت کے ساتھ مرکز نے اپنے منصوبے نافذ کیے۔ ان منصوبوں میں صحت،تعلیم، خوراک کی حفاظت، پناہ گاہ، پانی اور ماحولیاتی صفائی، انسانی امداد کی کارروائیوں کی حمایت اور ہم آہنگی جیسے شعبوں میں کام کیا گیا۔