کوئی شخص رکن قومی اسمبلی ہونے کی وجہ سے قانون سے بالاتر نہیں‘ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین

58

اسلام آباد ۔ 9 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ کوئی شخص رکن قومی اسمبلی ہونے کی وجہ سے قانون سے بالاتر نہیں‘ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں‘ تحریک استحقاق کو بطور ہتھیار استعمال کرکے نیب تحقیقات سے نہیں بچا جاسکتا‘ اپوزیشن کی تحریک استحقاق کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں شاہد خاقان عباسی کے نکتہ اعتراض پراظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ یہ معاملہ کیسے شروع ہوا ۔ جب قائد حزب اختلاف ایوان میں تشریف لائے اور تین گھنٹے بات کی تو وزیر قانون نے کہا کہ نیب کا میڈیا ٹرائل نہ کیا جائے۔ آئین کے آرٹیکل 4 کے تحت قانون کی نظر میں سب برابر ہیں۔ کوئی یہ کیسے کہہ سکتا ہے کہ وہ سب کے بارے میں بات کرے اور اس کے بارے میں کوئی بات نہ کرے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپوزیشن کے استحقاق کے سوال پر اپنی رولنگ میں کہا کہ ماضی کی روایات کے مطابق تحریک استحقاق پیش کرنے کے لئے ضروری ہے کہ اجلاس سے پہلے باقاعدہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو تحریری نوٹس دیا جائے جس کا سیکرٹریٹ قانونی بنیاد پر جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کرے گا۔ قبل ازیں شاہد خاقان عباسی نے نکتہ اعتراض پرکہا کہ پوری اپوزیشن نے ایک استحقاق کا سوال اٹھایا ہے۔ نیب کے ایک افسر کی جانب سے اپوزیشن ارکان کا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔ اس ایوان کے وقار کا تحفظ سپیکر کی ذمہ داری ہے۔ یہ انتہائی سنجیدہ مسئلہ ہے‘ استحقاق کے اس سوال کو تسلیم کیا جائے تاکہ حقائق سب کے سامنے آجائیں۔