کوہاٹ بورڈ نے آل پاکستان انٹر بورڈ فٹ سال چیمپئن شپ جیت لی

69
کوہاٹ بورڈ نے آل پاکستان انٹر بورڈ فٹ سال چیمپئن شپ جیت لی

اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):کوہاٹ بورڈ نے آل پاکستان انٹر بورڈ فٹ سال چیمپئن شپ جیت لی جبکہ سوات بورڈ کی ٹیم دوسرے اور کوئٹہ کی ٹیم تیسرے نمبر پر رہی۔ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمانان خصوصی سوات ایجوکیشن بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے چیئرمین عمر حسین اور انٹر بورڈ کوآڈرینیش کمیٹی کے سیکرٹری محمد بخش تھے جنہوں نے کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

اس موقع پر سوات بورڈ کے ڈائریکٹر سپورٹس افضال احمد، مردان بورڈ کے ڈائریکٹر سپورٹس محمد صابر،بنوں بورڈ کے ڈائریکٹر سپورٹس سید عبدالطیف شاہ، ٹورنامنٹ آرگنائزنگ سیکرٹری فہمید تلوکر، اسلام آباد سوکر فٹ سال ایسوسی ایشن کے صدر رانا تنویر احمد، کے علاوہ میزبان راولپنڈی بورڈ کے آفیشلز شمشاد علی، حافظ محفوظ احمد، جمیل خان، ملک سہیل، راجہ سرورِ خان، رانا عابد اورحامد صدیق کے علاوہ شائقینِ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد میں چیمپئن شپ کا فائنل میچ کوہاٹ بورڈ اور سوات بورڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں کوہاٹ بورڈ نے سوات بورڈ کو 3-4 پنلٹی ککس پر ہرا دیا۔ مقررہ وقت میں دونوں ٹیمیں 2-2 گول سے برابر رہیں۔تیسری پوزیشن کے کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ بورڈ نے اسلام آباد بورڈ کو 2-7 گول سے ہرا دیا۔ میچ کمشنر کے فرائض رانا تنویر احمد نے جبکہ ریفریز کے فرائض محمد انور خان، عارف گل اور توحید گلزار نے انجام دیئے۔

پاکستان فٹ سال فیڈریشن کے صدر حضرت علی خان اور سیکرٹری جنرل عدنان ملک نے آل پاکستان انٹر بورڈ فٹ بال چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر ٹورنامنٹ کمیٹی اور ٹورنامنٹ میں اول پوزیشن پر آنے والی ٹیم کوہاٹ بورڈ، دوسری پوزیشن سوات بورڈ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کوئٹہ کے کھلاڑیوں اور انتظامیہ کو مبارکباد دی ہے۔

چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 11 بورڈز کی ٹیموں نے حصہ لیا جن کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا۔ گروپ اے مردان، کوہاٹ، کراچی (بی آئی ای)، سوات، پشاور اور بنوں کی ٹیمیں شامل تھیں جبکہ راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد، کوئٹہ اور کراچی(ایس بی ٹی ای) کی ٹیموں کو گروپ بی میں رکھا گیا تھا۔