کپتان بابراعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی میچ میں سنچری سکور کرکے متعدد ریکارڈز اپنے نام کرلئے

51

سنچورین۔14اپریل (اے پی پی):قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی میچ میں سنچری سکور کرکے متعدد ریکارڈز اپنے نام کرلئے۔

بدھ کو جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں اپنی شاندار سنچری کی بدولت قومی ٹیم کو تاریخی فتح دلانے والے بابراعظم نے ٹی ٹونٹی میچوں میں اپنے کیریئر کی پہلی سنچری سکور کی، وہ ٹی ٹونٹی میچوں میں سنچری کرنے والے تیسرے پاکستانی اور بطور کپتان سنچری بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

بابراعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف صرف 49 بالوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔ ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 15 چوکے شامل ہیں۔ بابراعظم نے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کے ساتھ مل کر پہلی وکٹ کی شراکت میں 197 رنز کی شراکت قائم کی۔یہ پاکستان کی طرف سے سب سے بڑی پارٹنر شپ ہے۔ وہ ٹی ٹونٹی میچوں میں سنچری بنانے والے تیسرے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔

ان سے پہلے احمد شہزاد اور محمد رضوان یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں۔ بابراعظم نے 59 بالوں پر 122 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 15 چوکے شامل ہیں۔ ان سے پہلے پاکستان کی طرف سے ٹی ٹونٹی میں پہلی سنچری سکور کرنے والے احمد شہزاد 111 رنز بنا چکے ہیں جبکہ پاکستان کی طرف سے دوسری سنچری کرنے والے محمدرضوان 104 بنا چکے ہیں۔