کوئٹہ۔ 27 نومبر (اے پی پی):صوبائی وزیر ایری گیشن میر صادق عمرانی نے کہا ہے کہ کچھی کینال کی تکمیل سے بلوچستان میں 6 لاکھ ایکڑ اراضی زیر کاشت ہو گی جس سے بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی آئے گی ،گرین بلیٹ کے کسانوں اور زمینداروں کو فائدہ ہو گا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا صوبائی وزیر ایری گیشن میر صادق عمرانی نے کہا کہ 24 سال سے کچھی کینال پر وفاقی حکومت کی جانب سے کام جاری ہے صرف ڈیرہ بگٹی میں 57 ہزار ایکڑ زمین سیراب ہو جائی گی ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف سے اس حوالے سے ملاقات کی ہے ،صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ آ ئندہ مالی سال میں کچھی کینال کے فنڈز میں اضافہ کیا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ منصوبہ صوبائی حکومت کے حوالے کیا جائے تو صوبائی حکومت اس منصوبے کو دوسال میں مکمل کرے لے گی ۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کا ذریعہ معاش زراعت پر ہے ۔کچھی کینال سے ہزاروں کاشتکاروں اور زمینداروں کو فائدہ ہو گا ۔صوبائی وزیر ایری گیشن میر صادق عمرانی نے کہا کہ حکومت بے روزگاری کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے ،30 ہزار ہنر مند نوجوانوں کو بیرونی ملک بھیجا جا رہا ہے ،ان ممالک میں سعودی عرب،دبئی اور ترکیہ شامل ہیں ۔
ماضی میں بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار کے حوالے سے نظرانداز کیا گیا ،سرکاری ملازمتوں میں میرٹ کے برخلاف تعینا تیاں کی گئی موجود حکومت کا اس حوالے سے موقف صاف ہے ،صوبے میں نوکریا ں میرٹ کی بنیاد پر دی جائیں گی ،اگر کسی قسم کی بے ضابطگیاں ہوتی ہیں نوجوان ہمارے ساتھ رابطہ کریں ۔اس حوالے سے صوبائی حکومت اور وزیراعلی میر سرفراز بگٹی ان کے خلاف بھرپور کارروائی کریں گے ۔