کیسکو کی بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائیاں جاری، نادہندگان کے 310 کنکشنز،شنٹ کئے گئے46 میٹرزمنقطع

75
qesco

کوئٹہ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی):وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی خصوصی ہدایات پرکوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کی صوبہ بھرمیں تمام آپریشن سرکلز میں بجلی چوروں اور نادہندگان سے بقایا جات کی وصولی کے لیئے کاروائیاں جاری ہیں اور اس سلسلے میں کیسکو کو ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی معاونت سے منگل کے روزبھی بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی۔

اس دوران سرویلنس کی ٹیم نے اسٹیورٹ روڈپرکارروائی کرتے ہوئے میٹر Slowکروانے پر ایک ہوٹل کے کنکشن کو منقطع کرکے انہیں ڈٹیکشین بل بھیج دیاگیا۔اس دوران کوئٹہ شہرکے مختلف علاقوں کاکڑٹائون، بنگلزئی کالونی، ہزارگنجی،مری آباد، طوغی روڈ، سید آباد،مسجد روڈ، فیض محمدروڈ، سرکی روڈ، یوسف ہومز کے علاقوں سے 46شنٹ کئے گئے میٹروں کو اتار دیا،

جن پر ڈٹیکشن کی مدمیں جرمانے عائد کئے گئے جبکہ دشت کے علاقہ سے ایک غیر قانونی ٹرانسفارمربھی اُتارکرقبضہ میں لے لیا گیا۔کارروائی کے دوران کوئٹہ شہرکے مختلف علاقوں میں نادہندگان کے 76کنکشنز بلوں کی عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے جن میں گھریلو، کمرشل اور انڈسٹریل صارفین شامل ہیں۔ اسکے علاوہ کارروائی کے دوران نادہندگان سے بقایاجات کی مد میں مجموعی طورپر38لاکھ روپے کی ریکوری بھی عمل میں لائی گئی جبکہ ڈٹیکشن کی مدمیں بھی 11لاکھ 30ہزارروپے وصول کئے گئے۔اس دوران لورالائی کے مختلف نادہندگان سے بقایاجات کی مدمیں 27لاکھ روپے جبکہ ایک لاکھ 53ہزارروپے ڈٹیکشن کی مدمیں بھی وصول کئے گئے۔

کارروائی کے دوران مختلف نادہندگان کے 47کنکشنزبھی منقطع کردئیے گئے۔اسی طرح کیسکوپشین سرکل کے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران پشین، خانوزئی سے عدم ادائیگی پر8ایچ ٹی جمپرزکاٹ کر نادہندگان کی بجلی منقطع کردئیے گئے نیز اس دوران 53گھریلو اور کمرشل نادہندگان کے کنکشن منقطع کردئیے جبکہ کارروائی کے دوران بقایاجات کی مدمیں 22لاکھ روپے جبکہ ڈٹیکشن کی مدمیں 3لاکھ 2ہزارروپے وصول کرلے گئے۔اسی طرح کیسکوسبی سرکل کے علاقوں میں سبی،ڈیرہ مرادجمالی، نصیر آبادکے علاقوں سے مختلف نادہندگان کے 59کنکشنز بلوں کی عدم ادائیگی پر منقطع جبکہ ڈیرہ مرادجمالی سے نادہندگان کے 3ٹرانسفارمرزبھی اُتاردئیے گئے۔

اس دوران نادہندگان سے25لاکھ روپے کی ریکوری کی گئی جبکہ ڈٹیکشن کی مدمیں 3لاکھ20ہزارروپے بھی وصول کرلئے گئے۔ علاوہ ازیں کیسکولورالائی سرکل کے علاقوں میں کارروائی کے دوران لورالائی،کوہلو اورہرنائی سے نادہندگان کے6ٹرانسفارمروں سے 11Kvجمپرزکاٹ کر بجلی منقطع کردی گئی۔ دریں اثناء خضدارسرکل کے مختلف علاقوں خضدار، قلات، نوشکی، تفتان سے نادہندگان کے20ٹرانسفارمروں سے 11Kvجمپرزکاٹ کر بجلی منقطع کردئیے اس دوران مختلف ناہندگان سے بقایاجات کی مدمیں 26لاکھ روپے جبکہ ڈٹیکشن کی مدمیں ایک لاکھ چالیس ہزارروپے بھی وصول کرلئے گئے۔کاروائی کے دوران خضدارسرکل کے مختلف علاقوں سے 39گھریلواور کمرشل صارفین کے کنکشنز عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے گئے۔اسکے علاوہ کیسکومکران سرکل کے مختلف علاقوں میں بھی نادہندگان کے خلاف کارروائی کے دوران بجلی بلوں کی عدم ادائیگی پر36نادہندہ صارفین کے کنکشنز منقطع جبکہ بقایاجات کی مدمیں نادہندگان سے7لاکھ روپے وصول کیے گئے۔

واضح رہے کہ وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایات پر کیسکو ٹیمیں بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں کررہی ہیں لہٰذاکیسکواپنے تمام صارفین سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اپنے بلوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ بجلی کے غیر قانونی استعمال سے اجنتاب کرکے اس قومی مہم میں کیسکوکا ساتھ دیں۔علاوہ ازیں کیسکونے تمام صارفین بالخصوص زرعی صارفین کو بھی متنبہ کیاہے کہ وہ اپنے غیر قانونی کنکشنز اورخود ساختہ برقی لوڈ بھی فوری طورپر ہٹادیں اورایسے کنکشنوں کو ریگولرائز کروانے کیلئے اپنے علاقہ کے متعلقہ کیسکوسب ڈویژن میں نئے کنکشن کے حصول کیلئے درخواست دیں۔