گزشتہ دوماہ میں 3لاکھ34ہزار447لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کیا گیا ،ترجمان فوڈاتھارٹی

122
Substandard milk
Substandard milk

لاہور۔2اگست (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی کادودھ میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت آپریشنز جاری ہیں۔ترجمان کے مطابق گزشتہ 2 ماہ میں 5 کروڑ 85 لاکھ82ہزار 351 لیٹر دودھ کو چیک کیا اور 3لاکھ34ہزار447 لیٹر ملاوٹی ناقص دودھ کو تلف کردیا گیا۔ترجمان کیمطابق ماہ جولائی میں 5.91%زیادہ 3کروڑ 1لاکھ 27ہزار لیٹر دودھ کی چیکنگ کی گئی جبکہ تلف شدہ کی شرح جون کی نسبت اعشاریہ 4فیصد رہی۔

اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا ہے کہ مسلسل آپریشنز کے نتیجے میں دودھ کے معیار میں واضح بہتری آئی ہے، عوام تک معیاری خوراک کی فراہمی کیلئے پنجاب بھر میں دودھ اور دیگر اشیاء کی چیکنگ میں اضافہ کیا گیا ہے، دودھ میں ملاوٹ کے مکمل خاتمے کے لیے پنجاب بھر میں علی الصبح سخت ناکہ بندیاں کر کے دودھ کے معیار کو چیک کیا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دودھ کے معیار میں مزید بہتری کے لیے ملک ٹریسیبیلٹی نظام پر کام کر رہے ہیں، دودھ کی پیداوار سے صارف تک پہنچنے تک کے تمام مراحل کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے، عوام سے گزارش ہے کہ گردونواح میں کہیں ملاوٹ یا جعل ساز مافیا دیکھیں تو اطلاع 1223 پر دیں، ملاوٹ مافیا کیخلاف شکایت کرنے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق اشیاء خورونوش میں ملاوٹ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔