گلگت بلتستان کے عوام نے عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، وفاقی وزیرعلی امین خان گنڈاپور کی وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید سے گفتگو

46

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپورنے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، سیاحت اور معدنیات کے شعبے کے حوالے سے گلگت بلتستان میں بھرپور صلاحیت موجود ہے ، وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی حقیقی ترقی کے لئے کوشاں ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید سے گفتگوکرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے خالد خورشید کو وزیر اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباددی اور کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق گلگت بلتستان کی ترقی کے لئے سب کو مل کے کام کرنا ہے ۔ سیاحت اور معدنیات کے شعبے کے حوالے سے گلگت بلتستان میں بھرپور صلاحیت موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی حقیقی ترقی کے لیے کوشاں ہے۔ گلگت بلتستان کے انتخابات میں وزیراعظم عمران خان کے وژن کو بھرپور پزیرائی حاصل ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور گلگت بلتستان کی عوام کے اعتماد پر پورا اتروں گا۔ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق صحت ،تعلیم ،سیاحت اور معدنیات کے شعبوں پر بھرپور توجہ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کی کامیابی میں علی امین گنڈاپور کی بھرپور محنت شامل ہے ۔