
ہری پور۔ 13 مئی (اے پی پی) گوادر میں شہید ہونے والے پاک نیوی کے ایس ایس جی کمانڈو عباس خان کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقہ کھلابٹ میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں پاک نیوی، ایس ایس جی، پولیس افسران اور سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق گوادر میں شہید ہونے والے پاک نیوی سے تعلق رکھنے والے ایس ایس جی کمانڈو عباس خان کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں پاک نیوی کے ریئر ایڈمرل زبیر شفیق، کموڈور عمران، فیصل میر، پاک نیوی کے کیپٹن فرحت سمیت دیگر جونیئر افسران، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر افتخار سواتی، سیاسی و سماجی شخصیات، میڈیاکے نمائندوں اور علاقہ مکینوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ پاک نیوی اور ایس ایس جی کے اہلکاروں نے شہید کو سلامی پیش کی اور چیف آف نیول سٹاف، کمانڈر ایس ایس جی و دیگر کی جانب سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ شہید عباس خان کے والد نے بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ ان کے بیٹے نے ملک و قوم کی خاطر جان قربان کی ہے۔