گورنر پنجاب کا چیف ٹریفک آفیسر آفس میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت

92

فیصل آباد ۔10جنوری (اے پی پی):گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ملک بھر میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب سے اتوار کی صبح تک ہونیوالا بجلی کا بڑابریک ڈاؤن افسوسناک ہے مگرامریکہ سمیت دیگر ترقی یافتہ ممالک میں بھی کبھی کبھاراچانک فنی خرابی کے باعث ایسے واقعات رونما ہوجاتے ہیں تاہم اس سلسلہ میں اعلیٰ سطحی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جس کی رپورٹ کی روشنی میں تمام ممکن اقدامات کئے جائیں اور حکومت و واپڈا کی حتی الامکان کوشش ہوگی کہ آئندہ ایسا بریک ڈاؤن نہ ہو جبکہ سینٹ الیکشن میں شو آف ہینڈ کے حوالے سے سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلہ پرمن و عن عمل کریں گے لیکن اپوزیشن یہ نہ کہے کہ عمران خان استعفیٰ دے جبکہ اگر اپوزیشن ضمنی الیکشن میں اکٹھے انتخاب لڑنا چاہتی ہے تویہ خوش آئند بات ہے، علاوہ ازیں پنجاب آب اتھارٹی کو بیوروکریسی کی رکاوٹوں کی وجہ سے فعال کرنے میں ایک سال لگ گیاتاہم اب اتھارٹی کے تحت پہلا پراجیکٹ چک جھمرہ فیصل آباد میں لگا رہے ہیں۔اتوار کے روز چیف ٹریفک آفیسر آفس نزد سول لائنز پولیس سٹیشن فیصل آباد میں سرور فاؤنڈیشن کی جانب سے لاکھوں روپے کی لاگت سے لگائے گئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ انہوں نے سال2013 میں گورنرپنجاب بننے کے بعدشہریوں کو ہیپاٹائٹس اور دیگر مو ذی امراض سے بچانے کیلئے انہیں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کی مہم شروع کی تھی اور اس ضمن میں سرور فاؤنڈیشن کی جانب سے مختلف مقامات پر واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کا عمل شروع کیا تھا اور انہیں خوشی ہے کہ ان کی کوششوں سے سرور فاؤنڈیشن روزانہ بیس لاکھ لوگوں کو صاف پانی فراہم کر رہی ہے اور یہ سلسلہ مزید برق رفتاری سے جاری ہے اور آئندہ بھی جاری رہے گا۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ جیلوں اور پولیس لائنز میں فلٹر پکانٹس لگانے کا عمل بھی جاری ہے تاکہ ایک جانب جہاں قیدیوں کو پینے کے صاف پانی کی سہولت میسر آسکے وہیں ہمارے محافظ بھی اس حق سے محروم نہ رہیں۔ انہوں نے کہ ان کی تنظیم نے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ سے بھی معاہدہ کیا ہے جو روزانہ لاکھوں غریب، مفلس، بے وسائل لوگوں کومفت کھانا فراہم کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ تیس چالیس سالوں میں پانی کے منصوبوں پر اربوں روپے لگائے گئے مگر پلانٹس کی مینٹی ننس نہ ہونے کے باعث اکثریتی پلانٹس بند ہو گئے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پہلے اپوزیشن کی جانب سے استعفوں کا اعلان کیا گیا پھر ان کی جانب سے سینیٹ کے الیکشن اور اب قومی و صوبائی اسمبلیوں کی خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو جمہوریت کے لئے خوش آئند ہے لہٰذا اپوزیشن یہ نہ کہے کہ عمران خان استعفیٰ دے کیونکہ نہ تو عمران ان کے بلاجواز مطالبے پر استعفیٰ دیں گے نہ احتساب کا عمل رکے گا بلکہ حکومت اپنی آئینی مدت بھی پوری کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے معیشت درست راستے پر چل پڑی ہے اور ہماری برآمدات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ملکی صنعت کا پہیہ فل کپیسٹی سے چلنے سے ملک کو معاشی استحکام بھی حاصل ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و خوشحالی کا سفر جاری رکھے گی اورتمام انتخابی وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔اس موقع پر سی ٹی او شہزاد عمر بابر،پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے میاں فرخ حبیب،ممبر قومی اسمبلی راجہ ریاض احمد،صوبائی وزیر کالونیز و کلچر میاں خیال کاسترو،ایم پی اے فردوس رائے،آر پی او رفعت مختار،صدر سرور فائڈیش فیصل آباد ڈویژن محمد اصغر اوردیگر انتظامی افسران و اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔