ہاؤسنگ منصوبوں کی انتظامی منظوری کا عمل جلد مکمل کیا جائے، تعمیرات کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ کا خاص خیال رکھا جائے، وزیراعظم عمران خان کی ہدایت

92

اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہاؤسنگ منصوبوں کی انتظامی منظوری کا عمل جلد مکمل کیا جائے، تعمیرات کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ کا خاص خیال رکھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاوسنگ، تعمیرات و ڈیویلپمنٹ کے ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل، معاون خصوصی برائے محصولات ڈاکٹر وقار مسعود، معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز و سیاحت سید ذولفقار عباس بخاری، معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم، گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر، چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ و ڈیویلپمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر، چیئرمین ایف بی آر اور سینئر افسران شریک تھے۔ اجلاس میں ویڈیو لنک سے صوبائی چیف سیکرٹریز نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹریز نے صوبوں میں اب تک منظور ہونے والے منصوبوں کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرمین ایف بی آر نے ہاؤسنگ منصوبوں کی رجسٹریشن کے بارے آگاہ کیا اور بتایا کہ تعمیرات شعبے کو پہلے سے ہی صنعت کا درجہ دیا جا چکا ہے اور ٹیکس کی مد میں دیگر مراعات حاصل ہیں۔ سیکرٹری پٹرولیم نے اجلاس کو ہاؤسنگ منصوبوں کو گیس کی فراہمی کے طریقہ کار کے بارے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کے ہاؤسنگ منصوبوں کی انتظامی منظوری کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔ وزیر اعظم نے تاکید کی کہ تعمیرات کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ کا خاص خیال رکھا جائے۔