اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت کی اہلیہ بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ یہ ہماری اجتماعی اخلاقی اور سماجی ذمہ داری ہے کہ ہم خصوصی افراد کی مرکزی دھارے میں شمولیت اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے اقدامات کریں، معاشرے میں ان کے خلاف امتیازی سلوک کی حوصلہ شکنی جانا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے دورے کے دوران کیا، جہاں انہوں نے پاکستان میں خصوصی افراد کو درپیش سماجی و اقتصادی مسائل پر بات چیت کی۔ خصوصی افراد کی رسائی کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے اس سلسلے میں موجودہ قوانین پر مکمل طور پر عمل درآمد نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور اس حوالے سے موجودہ خلا کو دور کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، تاکہ ایک ایسے جامع معاشرے کی تشکیل کو یقینی بنایا جا سکے جہاں خصوصی افراد کو ترقی جے مواقع حاصل ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کا ایک اہم طبقہ ہیں اور ایسی بہت سی مثالیں ہیں جن میں خصوصی افراد نے اپنی معذوری کو اپنے اوپر حاوی نہیں ہونے دیا اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کراچی چیمبر کی کوششوں کو سراہا اور معذور افراد کے لیے مالی شمولیت میں اضافہ کو یقینی بنانے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ۔
بیگم ثمینہ علوی نے کے سی سی آئی کے اہم ارکان کے ساتھ ساتھ سرکردہ کاروباری شخصیات، مقامی این جی اوز کے نمائندوں اور دیگر مختلف اسٹیک ہولڈرز سے بھی بات چیت کی۔ اس دوران معذور افراد کی مالی شمولیت کی راہ میں حائل مختلف رکاوٹوں کو دور کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔