ہماری افواج ملک کی سلامتی، دفاع اور یکجہتی کی ضامن ہیں، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف

72
ترقیاتی

اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ہماری افواج ملک کی سلامتی، دفاع اور یکجہتی کی ضامن ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف بیانات کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان کو اس وقت درپیش مسائل کے حل کے لئے تمام اداروں کو بات کرنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہر ادارے کو آئینی طریقے سے کام کرنے کی اجازت ہونی چاہیے، بحث یا تنقید جب تک آئینی حدود کو عبور نہ کرے اس وقت تک درست ہے، عمران خان اداروں سے آئینی حدود سے باہر آنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک صوبے میں بیٹھ کر پورے ملک میں خلفشار پھیلا رہے ہیں،عمران خان لانگ مارچ کے دوران وفاقی دارالحکومت پر حملہ آور ہوئے،

انہوں نے خود اعتراف کیا کہ وہ مسلح تھے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے فورس ساتھ لانے کی بات کی اور انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان منتقل ہو جائیں گے۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ عمران خان کے اس رویئے کے باوجود سیاسی بات چیت ہونی چاہیے، موجودہ حالات میں تمام اداروں کا ایک قومی ڈائیلاگ ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف مقدمے اور گرفتاری کا آپشن نہیں استعمال کرنا چاہتے، عمران خان سیاسی طور پر خود اپنے آپ کو تباہ کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بات چیت کا دور 10 سے 12 روز قبل شروع ہوا، کشیدگی ختم کرنے کے لئے پی ٹی آئی نے حکومت سے رابطہ کیا، اگر کوئی سیاسی بات چیت ہو سکتی ہے تو ضرور ہونی چاہیے۔