سوات۔22جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی وعوامی اُمور اور قومی ورثہ ثقافت انجینئرامیرمقام نے کہا ہے کہ ہمارے منظور کردہ گیس منصوبوں پر جلد کام کا آغاز ہوگا، جلدکام شروع کرنے کے لئے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کردئیے ہیں ، ملاکنڈڈویژن کو مزید ٹیکس سے مستثنیٰ رکھنے کے لئے وزیراعظم سے بات ہوئی ہے ، آئندہ انتخابات کے لئے ن لیگ کی تیاریاں مکمل ہیں ، ن لیگ مربوط حکمت عملی کے ساتھ انتخابی میدان میں اُترے گی، عوام کی نظریں ن لیگ پر لگی ہوئی ہیں ، ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے اتوار کو اپنی رہاش گاہ سنگوٹہ سوات میں لیگی قائدین اور کارکنوں کے جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے 2013ء میں سوات کے مختلف علاقوں کے اربوں روپے کے گیس منصوبے منظور کرائے تھے، جن میں کانجوتامٹہ، مٹہ تاخوازہ خیلہ وملحقہ علاقہ جات، کوکارئی، ملحقہ علاقہ جات سمیت گیس کے محروم دیگرعلاقے شامل تھے، لیکن بدقسمتی سے 2018ء میں پی ٹی آئی کی حکومت مسلط ہوئی جس نے ان منصوبوں کو رُکوادیا اور اس وقت سے یہ منصوبے ہوا میں معلق رہے ۔
سابق وزیراعلیٰ محمودخان کاگیس منصوبوں میں کوئی کردار نہیں تھا ۔انہوں نے اس مد میں جوفنڈ فراہم کیاتھا بعد میں اسے واپس لے لیا جس کے ثبوت موجود ہیں کسی پرالزام نہیں لگارہے ہیں بلکہ یہ ایک حقیقت ہے کہ یہ لوگ گیس کی فراہمی میں رکاوٹ بن گئے تھے، اب ہم نے ان تمام منصوبوں کو دوبارہ بحال کرنے کے لئے آج محکمہ سوئی گیس کے اعلیٰ حکام سے میٹنگ کی ہے ، جس میں فیصلہ کیاگیاہے کہ 2013ء میں ہماری منظورکردہ گیس منصوبوں کو بحال کردیاجائے گا اور آئندہ دویاتین دنوں میں سروے کاکام مکمل کرکے ایک ہفتہ یا دس دنوں میں اس پر باقاعدہ کام شروع ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ اب گیس کنکشن پرپابندی ہٹانے کے لئے متعلقہ حکام سے بات کرونگا، انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ عوامی مفادات کو تحفظ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملاکنڈڈویژن کو مزید ٹیکس سے مستثنیٰ رکھنے کے لئے وزیراعظم شہباز شریف سے بات ہوئی ہے ۔ ہماری کوشش ہوگی کہ یہاں عوامی مفادات اورعوامی جذبات واحساسات کو مدنظر رکھتے ہوئے ملاکنڈڈویژن کومزید مستثنیٰ قراردیاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے وزیراعظم کو علاقے کے عوام کی احساسات اور مطالبے سے آگاہ کیاہے اور ان کی توجہ مالاکنڈڈویژن میں سیلاب ، کروناصورتحال اورامن وامان کی طرف مبذول کرائی ہے، ان حالات میں ملاکنڈڈویژن کے عوام پرٹیکس لاگوکرنازیادتی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ ملاکنڈڈویژن کوٹیکس فری زون میں مزیدتوسیع دی جائے ۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات کے لئے ن لیگ کی تیاریاں مکمل ہیں اور ن لیگ پوری تیاریوں اورمربوط حکمت عملی کے ساتھ انتخابی میدان میں اترے گی ۔ مریم نواز جلد ہی پاکستان آکر الیکشن لیڈ کرے گی انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ عوام آئندہ انتخابات میں ان لوگوں کو مستردکردیں گے ، جو لوگوں کے مسائل حل کرنے کے بجائے ذاتی مفادات کے حصول کے لئے مصروف عمل تھے ۔ ن لیگ صوبہ خیبرپختونخوا میں بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کرے گی ۔