اسلام آباد ۔ 12 مارچ (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جدید مواصلاتی ٹیکنالوجی کی موجودگی میں سفارت کاری کے تقاضے بھی بدل رہے ہیں، ہمیں سفارتکاری کے جدید تقاضوں کے مطابق اپنے آپ کو ڈھالنے کی ضرورت ہے۔ وہ جمعرات کو وزارت خارجہ میں منعقدہ 28 ویں سفارتی کورس برائے غیر ملکی سفارت کار کی تکمیل پر گریجویشن تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ یہ سفارتی کورس فارن سروس اکیڈمی میں مکمل کیا گیا۔ کورس کی تکمیل پرگریجویشن تقریب میں 24 ممالک کے 33 سفارتکاروں نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے شرکاءمیں اسناد بھی تقسیم کیں۔ تقریب کے دیگر شرکاءمیں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، ڈائریکٹر جنرل فارن سروس اکیڈمی ندیم ریاض اور وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی شامل تھے۔ وزیر خارجہ نے سفارتکاروں کو کورس کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدلتے ہوئے وقت اور جدید مواصلاتی ٹیکنالوجی کی موجودگی میں سفارت کاری کے تقاضے بھی بدل رہے ہیں، ہمیں سفارتکاری کے جدید تقاضوں کے مطابق اپنے آپ کو ڈھالنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کورس کے ذریعے پاکستان اور سفارتکاروں کے متعلقہ ممالک کے مابین بہتر تعاون کو فروغ ملے گا۔ وزیر خارجہ نے دنیا کے مختلف حصوں میں پاکستان کی خارجہ پالیسی اور اقدامات سے بھی شرکاءکو آگاہ کیا۔ غیر ملکی سفارتکاروں نے پاکستان کی روایتی میزبانی اور ایک اعلیٰ درجے کے کورس کی فراہمی پر فارن سروس اکیڈمی کا شکریہ ادا کیا۔ غیر ملکی سفارتکاروں نے کہا کہ واپسی پر وہ خوبصورت یادیں اور پاکستان کا بہترین امیج اپنے ساتھ لے کر جا رہے ہیں۔