37.1 C
Islamabad
منگل, مئی 13, 2025
ہومقومی خبریںمنشیات کے استعمال اوراسمگلنگ سے پیدا چیلنجز سےنمٹنے کے لئےمضبوط عزم سےکام...

منشیات کے استعمال اوراسمگلنگ سے پیدا چیلنجز سےنمٹنے کے لئےمضبوط عزم سےکام کرنے کی ضرورت ہے،صدر مملکت کا پیغام

- Advertisement -

اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہمیں منشیات کے استعمال اور اس کی اسمگلنگ سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے اور اپنے نوجوانوں کو غیر قانونی منشیات کے خطرے سے بچانے کے لیے مضبوط عزم کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے،بین الاقوامی تعاون سے نوجوان نسل میں نئے قسم کی نفسیاتی منشیات کے پھیلاؤ کو محدود کرنے میں مدد ملی ہے،ہم منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کو نہ صرف اس خطے بلکہ پوری دنیا کیلئے ایک مثالی ملک بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

ہفتہ کو منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن منشیات سے پاک دنیا کے حصول کے لیے کاوشوں اور تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے ہر سال 26 جون کو منایا جاتا ہے۔ یہ دن منانے کا مقصد دنیا بھر میں منشیات کے استعمال کو روکنے اور اس سے معاشرے بالخصوص نوجوانوں کو لاحق خطرات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔

- Advertisement -

اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات اور جرائم (یو این او ڈی سی) کی طرف سے شائع ہونے والی ورلڈ ڈرگ رپورٹ 2021، اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ منشیات سے متعلق بیماریوں کی وجہ سے ہونے والی اموات پچھلی دہائی کے دوران تقریباً دو گنا ہو چکی ہیں۔ نوجوان پاکستان کی کل آبادی کا تقریباً 60 فیصد ہیں اور انہیں منشیات کے استعمال سے خاص طور پر خطرات لاحق ہیں۔ہمیں منشیات کے استعمال اور اس کی اسمگلنگ سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے اور اپنے نوجوانوں کو غیر قانونی منشیات کے خطرے سے بچانے کے لیے مضبوط عزم کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں میڈیا، سول سوسائٹی اور تعلیمی اداروں کی مدد سے ورکشاپس اور سیمینارز کے ذریعے طلباء اور والدین میں اِس حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہوگی۔

اس مقصد کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کا کردار نہایت اہم ہے اور اسے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لیے سخت پالیسی نافذ کرنے کی ہدایات کر دی گئی ہیں۔آج، ہم پاکستان کی جانب سے منشیات کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ مل کر کی گئی زبردست کوششوں کا بھی اعتراف کرتے ہیں۔ بین الاقوامی تعاون سے نوجوان نسل میں نئے قسم کی نفسیاتی منشیات کے پھیلاؤ کو محدود کرنے میں مدد ملی ہے۔

میں معاشرے میں منشیات کی اسمگلنگ سے نمٹنے اور منشیات کے استعمال کے مضر اثرات کو کم کرنے کے لیے وزارت انسدادِ منشیات کے اقدامات کو بھی سراہتا ہوں۔ پاکستان پوست سے پاک ریاست کا درجہ بھی حاصل کر چکا ہے جو کہ وزارت نارکوٹکس کنٹرول/اینٹی نارکوٹکس فورس کے فعال کردار کا عکاس ہے۔صرف تعاون اور اجتماعی عزم کے ساتھ ہی اس لعنت سے پاک دنیا کے وژن کا حصول ممکن ہے۔ ہم منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کو نہ صرف اس خطے بلکہ پوری دنیا کیلئے ایک مثالی ملک بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=314331

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں