ہنگری کی سائیکلسٹ بلانکا واس نے خواتین کی ٹور ڈی فرانس فیمز ریس 2024کا پانچواں مرحلہ جیت لیا

141
National Road Cycling
National Road Cycling

برسلز۔16اگست (اے پی پی):ہنگری کی سائیکل سوار بلانکا واس نے خواتین کی ٹورڈی فرانس فیمز ریس2024 کا پانچواں مرحلہ اپنے نام کرلیا۔ خواتین کی ٹورڈی فرانس فیمز سائیکل ریس 2024کے تیسرے ایڈیشن میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ جس میں دنیا بھر کی سائیکلنگ کی 22ٹیموں کی نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔

ٹور ڈی فرانس فیمز سائیکل ریس کے پانچویں مرحلے میں سائیکل سواروں نےباسٹوگن (بیلجیم) سے ایمنی ویل تک 152.5 کلو میٹر فاصلہ طے کرنا تھا۔22 سالہ ہنگری کی سائیکل سوار بلانکا واس نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 152.5 کلومیٹر کا فاصلہ 3 گھنٹے 46منٹ اور 51 سیکنڈز میں طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔پولینڈ کی 29 سالہ سائیکل سوار کتارزینا نیویاڈوما نے دوسری جبکہ 26 سالہ جرمن سائیکلسٹ لیان لیپرٹ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ امریکا کی 31 سالہ سائیکلسٹ کرسٹن فاکنر نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔

پولینڈ کی 29 سالہ سائیکل سوار کتارزینا نیویاڈوما کا یلو جرسی پر قبضہ برقرار ہے ۔ ٹور ڈی فرانس فیمز سائیکل ریس 8 مرحلوں پر محیط ہوگی جس میں سائیکل سوار 949.7کلو میٹر کا سفر طے کریں گی ۔ خواتین کی ٹور ڈی فرانس فیمز سائیکل ریس میں 22 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں ہیں جو 8 روز جاری رہنے کے بعد 18 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔

خواتین کی ٹور ڈی فرانس فیمز سائیکل ریس میں نیدرلینڈز کی 27 سالہ سائیکلسٹ ٹیم ایس ڈی وارکس پروٹائم کی ڈیمی وولرنگ اپنے اعزاز کا دفاع کے لئے کوشاں ہیں ۔