یمقبوضہ بیت المقدس ۔26مئی (اے پی پی):بڑی تعداد میں اسرائیلی آباد کاروں نے پیر کی صبح مسجد اقصٰی پر دھاوا بول دیا ، وہاں اسرائیلی پرچم لہرائے ، نعرے لگائے اور تلمودی رسومات ادا کیں۔ الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی آباد کاروں نے یہ اقدام نام نہاد یروشلم ڈے کے موقع پر کیا جو یہودی 1967 کی جنگ کے بعد شہر کے مشرقی حصے پر اسرائیلی قبضے کی یاد میں مناتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ہزاروں اسرائیلی آباد کار صبح سویرے مغربی دیوار پر نماز ادا کرنے کے لئے جمع ہوئے اور انہوں نے مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصٰی کے احاطے اور آس پاس کے علاقوں پر دھاوا بول دیا۔
ان لوگوں نے مقبوضہ بیت المقدس کے پرانے شہرکے مسلم آبادی والے علاقےکی گلیوں میں مارچ کیا۔اس موقع پر یہودی آباد کاروں کے مقامی مسلمانوں پر حملو ں کے خطرے کے پیش نظر ہزاروں کی تعداد میں عام پولیس اور سرحدی پولیس کے اہلکاروں کو علاقے میں تعینات کیا گیا تھا۔