نیویارک ۔6فروری (اے پی پی):لندن کے ہیتھرو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خودکش حملہ کرنے کی کوشش کے الزام میں ایک ویت نامی شخص کو 44 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
رائٹرز کے مطابق 41 سال کے مینھ کوانگ فام پر الزام تھا کہ وہ یمن گیا تھا تاکہ وہاں القاعدہ سے عسکری تربیت حاصل کر سکے۔امریکی محکمہ انصاف نےبتایا کہ ملزم نے دہشت گرد تنظیم کو معاونت فراہم کرنے کے الزامات کو پہلے ہی تسلیم کر لیا تھا۔ نیو یارک کے جنوبی ضلع کی اٹارنی ڈینیئل آر ساسون کا کہنا ہے کہ مینھ کوانگ کی کارروائیاں امریکا کی سلامتی کے خلاف اور ملک کے امن و سلامتی کے اصولوں کے منافی تھیں۔
ڈینیئل نے ایک بیان میں کہا کہ ویت نامی شخص کو سزا اس بات کو واضح کرتی ہے کہ ہم دہشت گردی کو وقوع پذیر ہونے سے پہلے ہی روکنے کے لیے پُرعزم ہیں اور ممکنہ دہشت گردوں کو سزا دلانے کے ہر ممکن اقدم کریں گے۔امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ویتنامی شہری مینھ کوانگ دسمبر 2010 میں برطانیہ سے یمن گیا اور وہاں القاعدہ سے وفاداری کا حلف اٹھایا۔مینھ کوانگ نے یمن میں ایک سال گزارا جہاں اس نے عسکری تربیت حاصل کی اور تنظیم کے میگزین ’انسپائر‘ کی تیاری میں بھی مدد کی۔
ویت نامی شہری براہ راست امریکی شہری سمیع خان کے ساتھ بھی کام کر رہا تھا جو اس میگزین کے ایڈیٹر تھے اور 2011 میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔