لاہور۔1فروری (اے پی پی):یونیسیف وفد نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کا دورہ کیا اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی سے ملاقات کی،ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے وفد کو سکول نیوٹریشن پروگرام کے حوالے تفصیلی بریفننگ دی۔ترجمان کے مطابق یونیسیف وفد نے سکول نیوٹریشن پروگرام سمیت تمام پروگرامز میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ساتھ مل کر کام کرنے کا اعادہ کیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ یونیسیف اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مابین ایم او یو سائن کیا جائے گا،غذائی کمی کی وجہ سے بڑے پیمانے پر بچے مختلف امراض کا شکار ہیں،25فیصد بچے زنک اور 30فیصد آئرن کی کمی کا شکار ہیں۔انہوں نے کہاکہ سکول نیوٹریشن پروگرام اپنی نوعیت کا ایک منفرد پروگرام اور فوڈ اتھارٹی کے غذائی ماہرین بچوں کوغذائیت سے بھرپور خوراک کھانے کی ٹریننگ دے رہے ہیں، ابتک 7ہزار سے زائد بچوں کے قد،وزن باڈی ماس انڈیکس و دیگر ٹیسٹ مفت کیے جاچکے اور روزانہ کی بنیاد پر ڈیری،پروٹین و تمام ضروری وٹامن سے بھرپور خوراک کھانے کی ترغیب دی جارہی ہے ۔
یونیسیف وفد نے کہا کہ سٹنٹنگ کو روکنے کے لیے شروع سے ہی کام کرنا ہوگا، پنجاب بھر میں نیوٹریشن کے تمام مسائل کے حل کے لیے ملکر کام کریں گے۔ وفد نے کہاکہ بچے ہمارے روشن کل کے معمار ہیں، بچوں کی اچھی صحت اور بہتر نشوونما کے لیے آج سے ہی ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے ،ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا نیوٹریشن امور پر کام قابل ستائش ہے۔