افغانستان کے زلزلہ زدگان کے لئے امدادی سامان سے لدے ٹرک آج شب خوست روانہ ہوں گے

77

اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):افغانستان کے زلزلہ زدگان کے لئے امدادی سامان سے لدے ٹرک آج شب خوست روانہ ہوں گے ۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی ہدایت پر بھجوایا جانے والا امدادی سامان خوست میں افغان حکام کے حوالے کیاجائے گا ۔

وزیراعظم شہبازشریف کی ہدایت پر افغانستان کے زلزلہ زدگان کے لئے امدادی سامان بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب روانہ کیاجارہا ہے۔ افغانستان بھجوائے جانے والے سامان میں خیمے، ترپالیں، کمبل اور ادویات شامل ہیں۔ امدادی سامان سے لدے ٹرکوں کا قافلہ براستہ غلام خان کالے زنگ سے خوست پہنچے گا جہاں یہ امدادی سامان افغان حکام کے حوالے کیاجائے گا۔

وزارت خارجہ، این ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ حکام امدادی سامان کی روانگی اور افغان حکام کو حوالگی کے عمل میں اشتراک عمل کررہے ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے افغانستان میں زلزلہ کے نتیجہ میں ہونے والے نقصانات پر پاکستان کی طرف سے انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت امدادی سامان بھجوانے کی ہدایت کی تھی۔