اقوامتحدہ ۔6دسمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ نے سوڈان میں فریم ورک معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئےفریقین میں دیرپا تصفیہ پر زور دیا ہے ۔ چینی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے سوڈان کی فوجی اور سویلین سیاسی قوتوں کے درمیان فریم ورک معاہدے پر دستخطوں کا خیرمقدم کیا۔اقوام متحدہ کے سربراہ کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق اقوام متحدہ کے سربراہ نے امید ظاہر کی کہ اس سے ملک میں شہریوں کی قیادت میں منتقلی کی راہ ہموار ہوگی۔
اقوام متحدہ کے اعلیٰ عہدیدار نے تمام متعلقہ سوڈانی فریقوں پر زور دیا کہ وہ تبدیلی کے عمل کے اگلے مرحلے پر بغیر کسی تاخیر کے کام کریں تاکہ بقایا مسائل کو پائیدار، جامع سیاسی تصفیہ کے حصول کے لیےحل کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی ادارہ جمہوریت، امن اور پائیدار ترقی کے لیے سوڈانی عوام کی امنگوں کی حمایت جاری رکھے گا۔واضح رہے سوڈان کے فوجی اور سویلین رہنماؤں نے پیر کو سیاسی تعطل کے خاتمے اور دو سالہ عبوری سویلین اتھارٹی قائم کرنے کے لیے ایک سیاسی فریم ورک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ ■