انٹر سروسز پبلک ریلیشنزکے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کایوم دفاع اور یوم شہداءکے موقع پر تقریبات کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب

65

اسلام آباد ۔ 28 اگست (اے پی پی) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پوری قوم کشمیر کے عوام کے کاز کی مکمل حمایت میں کشمیر آور میں بھرپور شرکت کرے اور جمعہ کو 12 بجے اپنے مقام کار پر جمع ہو کر کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں، ٹھیک 12 بجے وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب میں اعلان کئے گئے کشمیر آور کا ملک بھر میں سائرن بجا کر آغاز کیا جائے گا۔ بدھ کو یوم دفاع اور یوم شہداءکے موقع پر تقریبات کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سائرن بجائے جانے کے بعد قومی ترانہ اور آزاد کشمیر کا ترانہ بجایا جائے گا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بالخصوص طالب علم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ غیر متزلزل حمایت کے اظہار کے لئے ان پروگراموں میں شرکت یقینی بنائیں۔ قومی ہیروز میڈیا کے نمائندوں کے علاوہ شوبز سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اس قومی پروگرام میں بھرپور شرکت کریں گی۔ یوم دفاع اور یوم شہداءکے پروگراموں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر کو اس ضمن میں ہونے والی مرکزی تقریب کا موضوع ”کشمیر بنے گا پاکستان“ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال شہداءکے خاندانوں کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا جو اس سال بھی جاری رہے گا۔ گزشتہ سال اس اقدام پر ردعمل انتہائی قابل تحسین تھا۔