بینکوں کے ڈیپازٹس اور زر وسیع میں ہفتہ وار اور ماہوار بنیادوں پر اضافہ

94
State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):بینکوں کے ڈیپازٹس اور زر وسیع میں ہفتہ وار اور ماہوار بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 15 دسمبر 2023 ختم ہونے والے ہفتے میں زروسیع (ایم ٹو) کا حجم 32139 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو پیوستہ ہفتے کے مقابلے میں 0.3فیصد ، گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 2.2 فیصد اور گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 15.3 فیصد زیادہ ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق 15 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں بینکوں کے ڈیپازٹس کا حجم 23381 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو پیوستہ ہفتے کے مقابلے میں 1.2 فیصد گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 3 فیصد اور گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 17.1 فیصد زیادہ ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق 15 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں زر گردش کرنسی کا حجم 8648 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو پیوستہ ہفتے کے مقابلے میں 0.3 فیصد کم ، گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 0.3 فیصد زیادہ اور گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 10.9 فیصد زیادہ ہے۔

سٹیٹ بینک کے پاس دیگر ڈیپازٹس کا حجم 110 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا ہے جو پیوستہ ہفتے کے مقابلے میں 1.2 فیصد گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 2.8 فیصد اور گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 3.6 فیصد زیادہ ہے۔